Alfia alima

لائبریری میں شامل

گزرے دنوں کی یاد

گزرے دنوں کی یاد
اب یہ بتانےسے کیا فائدہ کہ میں کون ہوں اور کیا ہوں۔ بس اتنا کہہ دینا کافی ہے کہ میری زندگی میں تھوڑی سی راحت رہی ہے، لیکن زیادہ تر درد و درماں۔ اب تو رنج سہتے سہتے دل سن ہوچکا ہے اور یاد کی ورق گردانی کرتے کرتےدماغ کو ہر چیز دھندلی دھندلی معلوم ہوتی ہے۔ ماضی کے غبار کی تہیں جمتے جمتے ایک پپڑی سی جم گئی ہے اور اصلی سطح کانام ونشان بھی باقی نہیں۔ 

زمانہ تھا کہ ہرچیز صاف دکھائی دیتی تھی اور جو کچھ بھی کان سنتے تھے اس میں صبح کے نغموں کی طرح ایک تازی گونج اور سنہری راگ تھا۔ لیکن اب تو ہر آواز ٹیلی فون کے تاروں پر بدلی بدلی سنائی دیتی ہے۔ مگر اس کے باوجود بھی کوئی کوئی آواز کانوں کے میل کو پار کرتی ہوئی دل تک اترجاتی ہے اور دماغ میں پھر پرانا سا ہیجان پیدا کردیتی ہے اور وقت کے سیاہ پردوں کو پھاڑتی ہوئی ماضی سے نکل کر حال کی ساکت زندگی میں پھر ایک نئی امنگ اور جذبہ پیدا کردیتی ہے، جیسے ایک پتھر پانی میں چھوٹی چھوٹی لہریں پیدا کرکے اس کے سکوت کو برباد کردیتا ہے۔ حالانکہ تھوڑی ہی دیر میں ہر قطرہ پھر اپنی اپنی جگہ خاموش اور ساکت ہوجاتا ہے۔ 

آج صبح کو ٹیلی فون پر کسی کی نرم اور جذبہ سے بھری آواز آئی۔ میں نے پوچھا کون ہے تو جواب ملا: 

’’تم بتاؤ‘‘ 

میں نہ تو کسی کے ٹیلی فون کا انتظار کر رہا تھا اور نہ مجھے یہ امید تھی کہ کوئی پرانی ہم نوا و ہم راز مجھ کو اتفاقیہ یاد کرے گی۔ چنانچہ جو نام بھی میرے منھ میں آیا میں نے لے ڈالا: 

’’شیلا۔‘‘ 

’’اور بتاؤ۔‘‘ 

میں نے جواب دیا: ’’سنتوش‘‘ لیکن افسوس کہ یہ بھی غلط تھا۔ میں نے فوراً ہی کہا،’’مایا۔‘‘ 

’’خیرکوئی بات نہیں۔ خداحافظ۔‘‘ لیکن ’’خداحافظ‘‘ کہتے وقت آواز درد سے کانپی اور خاموش انجان میں کھوگئی۔ 

میں دل مسوس کے رہ گیا۔ میرے دل میں گرمی سی دوڑ گئی اور میرے کان بجلی کی تیزگام لیکن ہلکی لہروں سے ہلنے لگے اور گرم ہوگیے۔ پھر اس اتفاقی ہیجان سےمیرا خون رگوں میں رک گیا۔ میں نےبھی کیا غلطی کی جو اور عورتوں کے نام یکے بعد دیگرے لے ڈالے۔ میں اپنی غلطی پر اپنے آپ کو برا بھلا کہنے لگا۔ یہ حالت کچھ دیر قائم رہی۔ آواز بہت پیاری اور محبت کے ہیجان پیدا کرنے والے جذبہ سےبھری ہوئی تھی۔ بولنے والی کوئی دردبھری محبوبہ تھی۔ مگر وقت نے میرے کانوں پر کچھ ایسا پردہ ڈال دیا تھا کہ وہ حسن کی اصلیت کو پہنچنے سے قاصر تھے۔ مجھے کب اس سے محبت تھی؟ اس نے مجھ سے کیا کیا پیار کی باتیں کی ہوں گی میں نے کس کس طرح اپنی محبت کااظہار کیا ہوگا؟ لیکن محبت کے درد سے میں اب کچھ ایسا سن ہوگیا ہوں کہ اس نئی چوٹ کو بھی بھلانے کی کوشش کرتا رہا۔ اگر کوئی چیز ہاتھ سے جاتی رہی ہو اور اتفاق سے پھر وہی چیز اندھیرے میں قریب سے آکر کان میں وہی محبت بھرے جملے دہرائے اور پھر تاریکی میں غائب ہوجائے تو قلق اور بھی سوا ہوجاتا ہے۔ کچھ ایسی ہی کیفیت میری ہوئی۔ 

پھر میں نے کہا کہ آواز سے ابھی تک محبت ٹپکتی تھی اور ان تینوں عورتوں کے نام لینے سے اس کی رقابت اور بھی بڑھ گئی اس لیے اس نے ٹیلی فون رکھ دیا۔ لیکن جب اس کے دل میں رقابت کی آگ ابھی تک باقی تھی تو یقیناً اس کے دل میں میری محبت بھی باقی ہے اور وہ دوبارہ بات کرے گی۔ کیا پچھلی محبت پھر موج میں آجائے گی؟ پھر وہی سمندر ہوگا اور وہی پریم کی کشتی اور میں پھر جذبات کے چپوؤں سے حسن کی ناؤ کھیتا ہوں گا۔ 

اگر میں ان لڑکیوں کے نام نہ لیتا تو شاید وہ مجھے اپنا نام بنادیتی۔ ان جانےہوئے ناموں نے مجھ کو اس کا نام جاننے سے محروم رکھا۔ مجھے تو کہنا چاہئے تھا کہ چونکہ مجھے اتنی کم لڑکیاں یاد کرتی ہیں کہ دور دراز کی آواز کو پہچاننا ممکن نہیں اور یہ کہ میری موجودہ زندگی کی غلاظت سے حسن دور بھاگتا ہے۔ مجھے کہنا چاہیے تھا کہ آواز دلگداز اور پیاری ہے۔ 

میں ان خیالوں میں غلطاں و پیچاں تھا اور حالانکہ میں اپنے دل کو یہ سب کہہ کر تسکین دے رہا تھا لیکن ایک انجان جذبہ سے میرے ہاتھ پیر کمزور ہوگیے تے۔ مگر ٹیلی فون کی گھنٹی پھر بجی۔ وہی دلکش آواز فاصلہ کی مجبوریوں کو عبور کرتی ہوئی درخت اور دریا اور پہاڑوں کو کودتی پھاندتی تیز روی پر ثابت قدمی سے پھر آئی۔ اس میں وہی درد اور وہی جذبہ تھا۔ 

’’نہ تو میں شیلاہوں‘‘اس نے کہا، ’’نہ سنتوش اور نہ مایا۔ میں ماضی کی ایک آواز ہوں۔ میں کون ہوں؟ یہ تم بتاؤ۔ کیا میں ابھی تک تم کو یاد ہوں؟‘‘ 

میں نے کہا،’’آواز بہت دلکش اور دلگداز ہے۔ ا س میں درد ہے اور محبت بھی۔ لیکن تم جانتی ہو کہ ٹیلی فون پر آواز کا پہچاننا بڑا مشکل ہوتا ہے۔ آواز بدل جاتی ہے اور اس کے علاوہ تمہیں زکام بھی معلوم ہوتا ہے، اس لیے پہچاننے میں دقت ہو رہی ہے۔‘‘ 

’’یہ تو ٹھیک ہے۔‘‘اس نےکہا۔ 

’’تو اس لیے یہ کہہ دینا کہ کس کی آواز ہے بہت مشکل ہے۔‘‘ 

’’یہ کوئی بات نہیں۔‘‘ 

مجھےواجد علی شاہ کی دردبھری ٹھمری یاد آگئی: 

یہ کوئی بات نہیں، تم جاؤ للہ، جو بھئی سوبھئی۔ 

لیکن میں نے ماضی کے درد کو ظاہر کرنےسے گریز کیا۔ میرے دل میں درحقیقت محبت کا درد پھر ابھر آیا تھا اورحالانکہ میں آواز سےاس کے جسم کے نقوش نہ دیکھ سکتا، حالانکہ میں یہ بھی نہ بتاسکتاتھاکہ وہ کون ہے،تاہم اس کی آواز میں ماضی کا سمندر موجیں لے رہا تھا، جب کہ زندگی میں احساس تھا، حسن میں شوخی اور عشق میں گرمی موجود۔ آواز اس ماضی کی تھی جب میں زندہ تھا۔ یہ کہ وہ ماضی کی آواز تھی اس میں ذرہ برابر شک نہیں۔ میرے دل نے مجھے فوراً بتادیا تھا کہ آواز حال کی آواز نہ تھی۔ اسی لیے بغیر سوچے سمجھےجو نام میری زبان پر آئے وہ ماضی ہی سے تعلق رکھتے تھے، کسی اور زندگی سے جو حال سے صدیوں دور ہے۔ ایک اور نام میرے منہ پر آتے آتے رہ گیا۔ اگر وہ ذرا اور ٹیلی فون کو بند نہ کرتی تو میں چوتھانام بھی لے دیتا۔ ایک پانچواں نام بھی میرے ذہن میں تھا جس کو میں اب دہرانا چاہتا تھا۔ وہ کون تھی اور کیا تھی؟ خالی یہ کہہ دینا کہ وہ ماضی کی آواز تھی کافی نہیں۔ بہت سی عورتیں تھیں جن سےمجھ کو محبت رہی ہے۔ اپنے دور میں ہر ایک لاجواب اور حسین تھی۔ وہ میری دلربامحبوبائیں تھیں اور میں ان کا سوگوار عاشق۔ لیکن اور بھی رہی ہوں گی جن کی محبت مجھ پر کبھی ظاہر نہ ہوئی، جن کو میں نے اپنی محبت کاقصہ کبھی نہ کہہ سنایا تھا۔ وہ تو میرے دل میں ایک ٹیس بن کے رہ گئی تھیں، وہی ٹیس جو اس وقت میرے گھائل سینہ میں پھر اٹھ رہی ہے۔ اب پچھلے قصے دہرانے سے کیا ہوتاہے؟ 

تم جاؤ للہ جو بھئی سو بھئی۔۔۔ 

زندگی ایک بند گنبد ہے۔ اس کونےمیں ماضی ہے، اس میں حال، اس میں مستقبل۔ ماضی پر سے پردہ ہٹ چکا ہے اوراس کی تصویر ایک سبزہ زارکی طرح پھیلی ہوئی دکھائی دیتی ہے۔ یہ میدان ہے، یہ دریا اور یہ پہاڑ، یہ سمندر۔ اور سمندر کے پرے اور بھی ملک ہیں اور یہاں بھی مختلف یادیں مرغزاروں اور وادیوں میں میری محبوباؤں کی شکل میں رقصاں ہیں۔ یہ لیلا ہے، یہ مایا، یہ سنتوش، یہ سلیمہ ہے۔ یہ اینجیلا۔ ہر گوشہ میں ایک ایک تصویر ہے اور ہر ایک کے بیچ بیچ میں اور تصویریں ہیں۔ یہ وہ آنکھیں ہیں جو نرگس سے زیادہ نرم اور عشق سے زائد بیمار ہیں۔ ان میں سفیدی ہے، سیاہی ہے اور خون کی سرخی۔ محبت کے نشہ سے آنکھیں چور ہیں، جذبہ میں دل کی ہم راز۔ ان کی تہ میں میرے دل کی قبر ہے اور ان کی چمک میں میرے عشق کی آگ۔ اب بھی میرے مردہ دل میں وہ گھر کیے ہیں، اب بھی ان کا جادو میرے خون میں پوشیدہ ہے۔ 

یہ وہ با نہیں ہیں جو میری گردن میں دن و رات پڑی رہتی تھیں، جن کی گرمی رگ جاں سے میرے دل تک پہنچتی تھی۔ یہ وہ کولہے ہیں جو اپنی بناوٹ اور خوبصورتی میں یونان کی بت گری کو مات کرتے تھے۔ یہ وہ بال ہیں جو میرے شانوں کو سردی سے محفوظ رکھتے تھے، جو اپنی سیاہی میں ستاروں کی آب و تاب لیے تھے، یہ وہ چھاتیاں ہیں جو میرے سینہ کو تسلی بخشتی تھیں۔ لیکن اب تو خواب ہوگئیں یہ باتیں۔ حسن ناپائیدار سہی، یاد ناپائیدار نہیں۔ عشق لازوال ہے پر دل پارہ کی طرح بےقرار اور وقت ہر چیز پر خاک ڈال دیتا ہے۔ ان باتوں کو دہرانے سےاب فائدہ؟ صرف ایک یاد ہے جو پر سے زیادہ ہلکی ہے اور پہاڑوں سے زیادہ بھاری۔ 

’’اگر تم ہنسو تو شاید میں تمہارا نام بتاسکوں۔‘‘ 

دوسری طرف سے کوئی جواب نہ ملا۔ 

’’اچھا اب میں خدا حافظ کہتی ہوں۔‘‘ 

’’ذرا ٹھہرو۔ دیکھو میرے سامنے ایک تصویر رکھی ہے۔ ایک ترکی بچہ نے بنائی ہے۔ تین گھوڑے ہیں۔ نچلا چھوٹا، بھدا، بے ہنگم ہے۔ ایک بَونے کی طرح۔ اس کے اوپر والا لمبا ہے اور اس کے عیال کسی ڈراؤنے اور بھیانک گرگٹ کی خاردار دم کی طرح ہیں۔ تیسرا ایک مچھلی کی طرح ہوا میں اڑ رہا ہے۔۔۔‘‘ 

ادھر سے ایک دبی ہوئی ہنسی کی آواز آئی، لیکن پوری طرح کھلنے نہ پائی تھی کہ بند ہوگئی۔ 

’’تم نے تو ہنسی بھی روک لی۔۔۔‘‘ 

’’خیر، کوئی بات نہیں۔‘‘آواز میں ابھی تک وہی نرمی اور محبت، وہی جذبہ تھا۔ 

’’میں تو صرف اتنا پوچھنا چاہتی تھی کہ تم کیسے ہو۔۔۔‘‘ 

میں جو محبت سے مایوس ہوچکا تھا یہ ہرگز نہ جانتا تھا کہ ابھی تک کسی کے دکھے ہوئے دل میں میری یادباقی ہے۔ میں جو محبت کو بھول چکا تھا اس بات کا یقین نہ کرسکتا تھا کہ کوئی ایسا بھی ہے جس کو اگلی محبت یاد ہے، جس کے پہلو میں دل ہے اور دل میں سوز و ساز۔ میرا دل تو مرچکاہے، اس میں نہ تو امید کی کرن باقی ہے نہ عشق کاداغ۔ اگلی بہاریں کب کی خزاں بن چکیں، حسن والوں نے چمن کے پھول لوٹ کر مسل ڈالے۔ دنیا نے میرے سب غروروں کو مٹادیا تھا۔ میرے خواب اور میری ناممکن توقعات غیر حقیقی ثابت ہوچکی تھیں۔ جب تک مجھ سے بن پڑا میں اپنے خوابوں کو سینہ سے چمٹائے رہا، لیکن بندر کے مرے ہوئے بچہ کی طرح وہ آخر کار ایک ایک کرکے مجھ سے جداہوگیے۔ چونکہ میری توقعات بہت گہری تھیں، میری خواہشات اس دنیا کے لیے ناممکن، اس لیے وہ کبھی پوری نہ ہوسکیں۔ مجھے معلوم نہ تھا کہ خواب پورے ہوسکتے ہیں، امیدیں برآجاتی ہیں، لیکن صرف اسی وقت جب کہ انسان اس چیز پر قانع رہے جو میسر ہوسکتی ہے۔ مگر جوں جوں خواہشیں پوری ہوتی جاتی ہیں انسان اور سوا مشکل اور ناممکن خواہشیں کرنے لگتاہے۔ نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ نہ پاس کی چیز ہاتھ آتی ہے اور نہ توقعات ہی پوری ہوتی ہیں۔ 

زندگی ایک غبار ہے: جب تک ہوا میں رہا آندھی رہا جب بیٹھ گیا تو ریت بن گیا۔ میں نے آندھی کی تمنا میں آنکھیں بھی کھوئیں اور نہ کچھ حاصل کیا اور نہ پایا۔ اب تو آندھی جم کے رہ گئی ہے، نہ آگے ہی بڑھتی ہے اور نہ مطلع صاف ہوتا ہے، ایک مستقل ریت کی جھڑی ہے کہ دن رات برستی ہے، نہ کھلتی ہے اور نہ ہیجان ہی پیدا کرتی ہے۔ جب تک ہوسکامیں دنیا سے لڑتا رہا اور پھر بجائے اس چیز پر قناعت کرنے کے جو مل سکتی تھی تھک ہار کے بیٹھ رہا۔ اور اب جب کہ ماحصل قریب تھا، جب کہ میں کم از کم اپنے خیال میں اس بات کے لیے تیار تھا کہ اس تک پہنچ کے آرام کروں تو منزل ایک سراب نکلی۔ نہیں وہ قریب تھی پر کمنددوچار ہاتھ چھوٹی رہی اور میں اس تک نہ پہنچ سکا۔ 

’’خدا کے لیے اب تو نام بتادو۔‘‘میں نے عاجزی سے کہا۔ 

’’اب اس سے کیا حاصل؟‘‘وہ نہ جانتی تھی کہ شاید مرجھائے ہوئے پھول پھر زندہ ہو جائیں۔ وہ تو محبت کے غرور سے ابھی تک بھری ہوئی تھی لیکن میں زندگی کی مار سے بے جان ہوچکاتھا۔ وہ شاید اس خیال میں تھی کہ میں ابھی تک وہی عاشق ہوں، لیکن میرا دل بجھ کے راکھ ہوگیا تھا۔ ممکن ہے کہ اس کی گرمی سےمیرے دل میں بھی دوبارہ گرمی آجاتی۔ 

’’صرف اتنا بتادو کہ تم کیسے ہو۔‘‘ 

’’بس زندہ ہوں۔ نہ مرتا ہوں نہ جیتا ہوں۔ ماضی کی آگ بھڑک کے بجھ گئی۔ مشینوں نے زندگی کی امنگ چھین لی، نہ وہ خوش رنگی رہی نہ جوش۔ اب تو فقط یاد ہی یاد باقی ہے اور اس میں بھی سوز باقی نہیں۔ تمہاری آواز سن کے جیسے جان میں جان آئی اور وقت کے سیاہ پردے ہٹتے نظر آتے ہیں۔۔۔‘‘ 

میری گفتگو کے بیچ بیچ میں وہ آہستہ آہستہ ہوں ہوں کہتی رہی پر اتنے ہلکے سے جیسے وہ اپنے دل کو اس احتیاط سے مسل رہی ہو کہ جذبہ کی آواز مجھ کو نہ سنائی دے۔ مگر تار اور رکاوٹیں بیکارثابت ہوئیں اور اس کی کوشش کے باوجود بھی اس کے دل کی آواز مجھ تک پہنچ رہی تھی۔ 

’’لیکن تمہیں میرا نام تک تو معلوم نہیں۔‘‘ 

میرے دل پر چوٹ لگی۔ کاش کہ میں اس کا نام بتاسکتا۔ محبت مجھ سے باتیں کر رہی تھی۔ میں اس کے سانس تک کی آواز سن رہا تھا، لیکن کیا مجبوری کا عالم تھا کہ رگِ جاں کی طرح قریب ہوتے ہوئے بھی میں اس کو نہ چھوسکتا تھا۔ زندگی ہوا میں ایک کاغذ کی طرح الٹتی پلٹتی معلوم ہونے لگی۔ سورج کی روشنی کونوں کھدروں میں پڑ رہی تھی اور یاد مجھ سے بہت دور فضا میں گھوم رہی تھی۔ 

’’تم مجھ سے دور ہو۔ اگر تم مجھ کو میرا پتہ دو تو میں تم کو ڈھونڈلوں گا۔‘‘ 

’’اب کیا فائدہ۔ میں رات کو جارہی ہوں۔‘‘ 

’’اس لیے تم سے ملنا اور بھی ضروری ہے۔‘‘ 

وہ ہچکچائی۔ ایسا معلوم ہوتا تھا کہ اس کی قوت ارادی کمزور ہوچلی تھی اور وہ مجھے اپنا نام بتانے ہی والی تھی، لیکن اس نے کہا: 

’’نہیں، اب جانے دو۔ میں بند کرتی ہوں۔۔۔‘‘ 

درد اور یاس اور تمنا کی مجبوری سے میں نے کہا:’’نہیں نہیں، ذرا ٹھہرو، میں تمہارا نام بتائے دیتا ہوں۔۔۔‘‘ 

’’اچھا خداحافظ۔۔۔‘‘ 

’’دیکھو، دیکھو، نینا۔۔۔‘‘ میں نے اس کانام لے ہی ڈالا۔ وہ ذرادیر، بس ایک لمحہ کو جھجکی اور کہا:’’خداحافظ۔۔۔‘‘ 

میں بے جان ٹیلی فون کو بڑی دیر تک کان سے لگائے رہا۔ پھر کانپتے ہوئے ہاتھوں سے رکھ دیا۔ کیا وہ نینا تھی؟ میں کچھ نہ کہہ سکتا تھا۔ میرے دل نے اس بات کی گواہی نہ دی۔ یہ ایک اور نام تھا جو میں نے پہلے ناموں کی طرح لے دیا تھا۔ نہ جانے اس نے سنا بھی یا نہیں۔ میں نے نام بہت آہستہ سے لیا تھا۔ غالباً یہ بھی غلط تھا۔ 

میں سوچتا رہا کہ وہ آخر کون تھی۔ میرا دماغ معطل ہوچکاتھا۔ ماضی سے تصویریں نکل کر میری آنکھوں کے سامنے نہ آئیں۔ میرے ذہن میں بہت سے نام بیک وقت آئے اور پھر سب ایک دوسرے میں مل کر کھوگیے۔ صرف ایک ہیجان اور جذبہ کی کیفیت مجھ پہ طاری رہی جس میں سب محبتیں اور سارا ماضی موجود تھا۔ آواز کسی معمولی محبوبہ کی آواز نہ تھی۔ اس میں نہ صرف میرا ماضی گونج رہاتھا بلکہ محبت بھی۔میرا دل رونےلگا، میری روح سوگوار تھی۔ یاد ایک جذبہ بن کے میرے اندر سماگئی۔ 

عورت کادل کس قدر سخت اور ملایم ہوتا ہے۔ جب میں عشق کرتا تھا تو اس کا دل پتھر تھا اور اب جب کہ وہ محبت میں مبتلا تھی تو اس کا دل موم تھا۔ لیکن یاد کے برفانی طوفان نے اس کو اور بھی جمادیا اور موم بھی میرے لیے سنگ خارا بن گیا۔ اس نے دیکھ لیا کہ وہ اکیلی میرے دل میں نہ بستی تھی۔ ماضی کی اور بھی آوازیں اس میں بندتھیں۔ لیکن وہ نہ جانتی تھی کہ میرا دل اب ویرانہ ہے۔ اس کی چٹانیں ٹوٹ ٹوٹ کر ریت بن چکی ہیں اور اب ماضی کی آوازیں بھی اس میں نہیں گونجتیں۔ اس وقت جب کہ وہ خود بولی تو میں پرانی آواز بازگشت نہ سن سکا۔ صر ف اس کی آواز ہی آواز کان میں آئی لیکن اس کی مضراب نے وہ خاص پرانا نغمہ نہ چھیڑا جس کو سن کر وہ مست ہوجاتی۔ میرے دل کے ساز میں اب موسیقی پیدا کرنے کی طاقت ہی باقی نہ رہی تھی۔ صرف یاد ابھر آئی، لیکن یاد بھی ایسی جس میں آوازیں اور جذبات سب مل کے ایک ہوگیے تھے اور نہ تو میں ان کو علیحدہ علیحدہ کرسکتا تھا اور نہ الگ الگ کرکے ایک کو ایک سے جوڑسکتا۔ 

یاد ایک پر کی طرح ہلکی پھلکی بھی ہوتی ہے اور ایک پہاڑ کی طرح بھاری بھی۔ میں یادوں کے بار کو اپنے دل میں لیے پھرتا ہوں۔ ان کے قافلے میرے دماغ میں گشت کرتے ہیں، لیکن مجھے بوجھ تک نہیں معلوم ہوتا۔ وہ اکیلی سب محبوبائیں بھی تھی اور کوئی بھی نہ تھی۔ میں نہ تو وہ ہونٹ دیکھ سکتا تھا جن کی شیرینی کے مزے میری زبان ابھی تک لے رہی تھی نہ وہ ریشم کی طرح نرم چھاتیاں میرے پژمردہ سینہ کو تسکین دے رہی تھیں۔ نہ تو بانہیں میرے گلے میں تھیں نہ وہ آنکھیں اپنی محبت کے جادو سے مجھ کو اپنی طرف کھینچ رہی تھیں۔ لیکن وہ سب جذبات ایک یاد بن کے میرے اندر سماگیے تھے اور ماضی کا راگ میرے کانوں میں بج رہا تھا۔ 

کیا وہ سب واقعی زندہ حقیقتیں تھیں؟ کیا وہ واقعی اصلیت کا پتہ دے رہی تھیں؟ لیکن نہ کسی عورت کومجھ سے محبت تھی نہ میں نے ہی کبھی کسی سے عشق کیا۔ یہ سب میرے تخیل کی تصویریں تھیں جو پٹ بخیبوں کی طرح چمکیں اور غائب ہو گئیں۔ نہ میں تھا نہ وہ تھیں نہ محبت۔ میرے ہونے نےان کو مجھ سے چھین لیا۔ زندگی بہت کٹھن، درد انگیز اور سنگ لاخ ہے۔ 

   2
1 تبصرے

shahil khan

02-Mar-2023 05:41 PM